حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نئی دہلی/ اسلام کے اہم رُکن حجِ بیت اللہ کی ادائیگی میں عازمینِ حج کو سفر حج اور احکامِ حج سے واقفیت کرانے کے لیے شیعہ جامع مسجد ، دہلی کی نگراں انجمن شیعہ الصفاء (رجسٹرڈ) نے شیعہ جامع مسجد، دہلی میں الحاج مولانا محسن تقوی، امام شیعہ جامع مسجد کی صدارت میں دوسرا حج تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر مفسرِ قرآن مولانا سید رئیس احمد جارچوی نے حج کی عظمت و اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ حضرت پیغمبر اسلامﷺ نے عبادتِ حج کو دلیلِ ایمان قرار دیا ہے چنانچہ ارشاد فرماتے ہیں کہ فرض ہونے کے بعد حج کو ترک کرنے والے کی موت مسلمان کی موت نہ ہوگی وہ یہودی و نصرانی مرتا ہے۔ آپ نے عازمین سے خصوصیت کے ساتھ دوران ادائیگی حج اپنا اخلاق بلند اور غصہ ٹھنڈا رکھیں اور دوسرے کے کام آنے کی کوشش کریں- آپ نے احرام سے احکام تک اور طوافِ عمر تمتع سے طواف وداع اور طواف نساء تک تفصیل سے مناسک حج اور مسائل حج بیان کیے۔
مولانا محسن تقوی، امام جمعہ دہلی نے کہا آپ سب خوش نصیب ہیں کہ پرور دگار نے آپ کو حج کے لیے منتخب کیا اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس شرف کو پوری دیانتداری سے قبول فرمائیں ۔ اور ہر ہر قدم پر اخلاصِ نیت کو برقرار رکھیں۔آپ نے مزید کہا کہ حج بیت اللہ کی ادائیگی کے بعد ایک نئی زندگی کا آغاز ہے جس میں آپ کو عبادت و بندگی کی بنیادیں انتہائی مضبوط کرنی ہیں آپ کے کردار و اعمال میں ایسی تبدیلی پیدا ہو جو برے کاموں سے اجتناب اور نیک کاموں کی طرف توجہ کا سبب بنے -
ماہرِ امور حج سید قمر عباس قنبر نقوی نے تربیتِی حج کیمپ کی اہمیت و افادیت بتاتے ہوئے کہا کہ عازمینِ حج، سفرِ حج اور فرائضِ حج کی ادائیگی میں دشواریوں سے بچنے کے لیے علماء کرام اور ماہرینِ امورِ حج (معتبر ٹینرس) سے تربیتِ حج ضرور حاصل کریں۔
حج کمیٹی آف انڈیا سے وابستہ قمر عباس نقوی نے انتظامی امور حج کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ عبادتِ حج کوئی مشکل فریضہ نہیں ہے یہ بھی نماز ، روزہ اور دیگر عبادات کی طرح ہے بس ضرورت ہے ذہنی طور سے تیار رہنے اور تربیت حاصل کرنے کی۔ عازمین حج کمیٹی، قونصل جنرل آف انڈیا، ایئر لائنز اور تمام متعلقہ ایجنسیز کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے حکومتی اصول و قواعد اور ہدایات پر پوری طرح عمل کریں، تاکہ سفرِ حج اور فریضہ حج کی ادائیگی میں دشواریوں سے محفوظ رہیں۔ آپ نے عازمین حج کی خدمت کو خوش بختی کی علامت اور قابل رشک عمل قرار دیتے ہوئے ترببیتی کیمپ میں موجود عازمین سے اپیل کی وہ اپنی دعائوں میں انجمن شیعتہ الصفاء کے اراکین و ذمہ داران کو فراموش نہ کریں۔ کیونکہ یہ سب آپ کی عبادتِ حج میں آسانیاں اور حُسن پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
صدرِ انجمن سید قسیم حیدر رضوی نے شرکاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر فریضہ حج کی ادائیگی میں صحتِ جسم کا اہم رول ہے لہذا عازمین حج ہر ہر موقع پر اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں خصوصاً احتیاطِ خوراک اور یومیہ کسرت (یوگا) کی پوری پابندی کریں۔ صدر محترم نے اعلان کیا کہ انجمن آئندہ برس سے تین روزہ حج تربیتی کیمپ کا اہتمام کرے گی تاکہ عازمیں حج کی مکمل تربیت ہوسکے۔
انجمن کے سکریڑی سید زاہد منظر سروش حُسینی نے کیمپ کی نظامت کرتے ہوئے کہا کہ عابدین خصوصاً مصلحین، حُجاج، عزادارانِ حضرت سید الشہداؑ اور طلباء کی خدمت ہمارا ہدف جو ان شاء اللہ تعالیٰ جاری رہے گا۔ اس موقع پر عازمینِ حج کے ساتھ ڈاکٹر مولانا سید محمد مہدی عابدی، امام۔مسجد شیعیانِ علیؑ، اراکین انجمن سید گلریز علی زیدی، جواد رضوی، آفتاب مرزا، شوذب مرزا ، حسن مرزا نے خصوصیت سے شرکت کی۔